غذائی تحفظ کیلئے کامسٹیک اور IAEAمیں تعاون پر اتفاق
دونوں ادارے سینیگال، نائجیریا، یوگنڈا میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرینگے
اسلام آباد (نامہ نگار) کامسٹیک اور اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان صحت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں آئی اے ای اے کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے جوہری توانائی ایجنسی کے شعبہ نیوکلیئر سائنسز و ایپلی کیشنز کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نجت مختار اور ڈیپارٹمنٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ژاں پیئر کیول سے تفصیلی بات چیت کی۔
اسلامی تعاون تنظیم اور آئی اے ای اے کے درمیان پہلے سے موجود مفاہمتی یادداشت کے تحت اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کامسٹیک اور آئی اے ای اے افریقی ممالک سینیگال، نائجیریا اور یوگنڈا میں مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔ پہلے مرحلے میں نیوکلیئر میڈیسن کے ذریعے ریڈی ایشن تھراپی اور تشخیصی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا جس کیلئے پاکستان کے معروف ادارے نوری کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں زرعی اجناس کے نقصانات کم کرنے کیلئے نیوکلیئر ریڈی ایشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، اس مقصد کیلئے پاکستانی ادارے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔