گوجرخان، فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3نوجوان قتل
لڑائی جھگڑے کے واقعات موضع رتالہ، بڑکی اور مسہ کسوال میں ہو ئے نامعلوم افراد نے ارشد، مخالفین نے گلتاسب اور بھا ئی نے کامران کو موت کی نیند سلا دیا
گوجرخان (این این آئی) گوجرخان اور گردونواح میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3نوجوان جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ رتالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، مقتول کی شناخت محمد راشد ولد محمد حسین سکنہ رتالہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرا واقعہ بڑکی میں عیدالفطر کے روز شام کے وقت پیش آیا جہاں محلہ داروں کے درمیان جھگڑا ہو گیا، جھگڑے کے دوران مخالفین کی فائرنگ سے مرزا گلتاسب ولد نظام دین سکنہ کوری دولال جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا کزن ممرز اختر ولد تاج علی اور مرزا بلال علی ولد محمد علی زخمی ہو گئے، تیسرا واقعہ گوجرخان کے نواحی علاقے مسہ کسوال کے گاؤں ڈھوک متیال میں پیش آیا جہاں جائیداد کے تنازع پر رضوان نامی شخص نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی کامران کو قتل کر دیا جبکہ ان کی بہن شدید زخمی ہو گئی۔