اسلام آباد، عید کے دوسرے روز بھی پارکوںمیں شہریوں کا رش
شکرپڑیاں، لیک ویو، دامن کوہ و دیگر تفریحی مقامات میں ہزاروں افراد کی آمد
اسلام آباد (اے پی پی) عیدالفطر کے دوسرے روز اتوار کو وفاقی دارالحکومت کے تفریحی مقامات پر سیاحوں کا رش رہا۔ ہزاروں افراد نے شکرپڑیاں، لیک ویو پارک اور دامن کوہ سمیت مقبول تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ ان مقامات کو 20سے 23مارچ کے دوران فیملی پارکس قرار دیا گیا تھا۔ فاطمہ جناح پارک ایف 9میں بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد دیکھنے میں آئی جو بہار کے خوشگوار موسم اور عید کے تہوار سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔
کھانے پینے کے سٹالز اور دکانوں پر بھی کافی رش رہا، لوگ مختلف قسم کے روایتی پکوانوں اور سنیکس سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے بڑے تفریحی مقامات پر سکیورٹی کے جامع انتظامات کر رکھے تھے، سکیورٹی اہلکاروں کو داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا گیا تھا۔