یوم پاکستان عہدِ نو اور عزمِ استحکام کی علامت ،طارق فضل
پاکستان کسی کمزور ارادے یا مصلحت کا نام نہیں ،یہ ایک نظریہ ، طاقت اور ذمہ داری ہے
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے یوم پاکستان کے حوالہ سے کہاے ہے کہ 23 مارچ عہدِ نو اور عزمِ استحکام کی علامت ہے ،پاکستان کسی کمزور ارادے یا مصلحت کا نام نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ ، ایک طاقت اور ایک ذمہ داری ہے ۔یوم پاکستان کے موقع پر پیر 23 مارچ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 23 مارچ وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخ کا دھارا موڑنے کا فیصلہ کیا، جو محض ایک قرارداد نہیں تھی بلکہ ایک واضح اعلان تھا کہ ہم غلامی نہیں، آزادی اور خودمختاری کے ساتھ جینا جانتے ہیں۔ آج کے دن ہم یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،پاکستان کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور پاکستان کے مستقبل کو کمزور کرنے والی ہر سوچ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،یہی 23 مارچ کا اصل پیغام ہے ۔