عید الفطر : ون ویلنگ ہلڑ بازی ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، 250 موٹر سائیکل تھانے بند

 عید الفطر : ون ویلنگ ہلڑ بازی ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، 250 موٹر سائیکل تھانے بند

تین روز میں ایک ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کیخلاف قانونی کارروائیاں ،ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ٹریفک پولیس کے موثر انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کا کوئی بھی واقعہ رونما نہیں ہوا،سی ٹی او

اسلام آباد(این این آئی) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ون ویلنگ کے انسداد کیلئے موثر انتظامات کئے ۔ آئی جی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے جامع پلان ترتیب دیا۔عید کے ایام میں عوامی مقامات پر ٹریفک کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جو ون ویلنگ، ہلڑبازی اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے ۔اسی طرح سنگین خلاف ورزیوں پر 250سے زائد موٹرسائیکلوں کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا گیا۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے موثر انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کا کوئی بھی واقعہ رونما نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں اسلام آباد پولیس کی کاوشوں اور فرائض کی ادائیگی کو معاشرے کے مختلف طبقات اور شہریوں نے سراہا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں