سٹیشز کو خوبصور ت بنانے کے بجائے سہولیات دیں ،ریلوے یونین
آئے روز حادثات کی بڑی وجہ ٹریک ،بوگیوں ،انجن کی مرمتی نہ ہونا ہے ،پریس کانفرنس
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پریم یونین( سی بی اے ) کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور نے کہا ہے کہ این آئی آر سی کے فیصلے کے مطابق ریلوے اور حکومت پاکستان ریلوے میں فوری طور رپر ریفرنڈم کا انتظام کرکے تاریخ کا اعلان کرے ، گزشتہ روز 7 بڑی ٹرینیں حادثات کا شکار ہوئی ہیں جس کی بنیادی وجہ ریلوے ٹریک، بوگیوں اور انجنوں کی مینٹیننس نہ ہونا ہے ریلوے سٹیشنوں کو میک اپ کرکے خوبصورت بنانے کی بجائے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریم یونین اوپن لائن کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حکومت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے وزیر ، چیئرمین ریلوے ، سی ای او ریلوے ہنگامی بنیادوں پر ریلوے کے مسافر اور گڈز کوچز کی مرمت اور ریلوے ٹریک کی مرمت کیلئے فوری طور پر وسائل مہیا کریں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کو با قاعدگی کے ساتھ بروقت ادائیگی خصوصاً عید الاضحی سے قبل یقینی بنایا جائے ۔