واسا راولپنڈی ،واجبات ادا نہ کرنیوالوں کے کنکشن منقطع کرنیکی ہدایت
شہریوں کو بلا تعطل فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے ،ایم ڈی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں واٹر سپلائی، سیوریج اینڈ ڈرینیج اور ریونیو ونگ کے افسران و عملہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو درپیش نکاسی آب اور ریونیو سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ایم ڈی واسا نے شہریوں کو بلا تعطل فراہمی آب اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور عوامی مسائل کے فوری اور بروقت حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔
شہری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں ریونیو ریکوری کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سخت ہدایات کیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن صارفین کے بل تاحال جمع نہیں ہوئے ، انہیں فوری نوٹس جاری کیے جائیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں ان کے کنکشن منقطع کیے جائیں۔