بروقت کام مکمل نہ کرنیواے ٹھیکیداروں کی ادائیگیاں روکنے کی ہدایت
صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس ، منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ،سلمان رفیق
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سلمان رفیق، ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب نے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کے ہمراہ چلڈرن ہسپتال و سینٹر وآف ایکسیلئنس فار نرسنگ راولپنڈی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صحت کے دونوں منصوبوں چلڈرن ہسپتال اور سنٹر آف ایکسی لینس آف نرسنگ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں سنٹر آف ایکسیلینس فار نرسنگ کے قیام پر کام جاری ہے ، جس سے صحت اور دیگر شعبہ جات میں جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں ضابطے کی کارروائی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ سی اینڈ ڈبلیو وہاں فزیکل کام شروع کر سکے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ وہ کنٹریکٹرز جو حکومتی ڈیڈ لائنز پر عملدرآمد نہیں کر رہے ، انہیں ضروری وارننگ دینے کے بعد فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ اجلاس میں چلڈرن ہسپتال کے لیے زمین کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر غور آیا، خواجہ سلمان نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صحت کے دونوں منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں منصوبوں کیلئے درکار فنڈز بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر سلمان رفیق نے طاہرہ اورنگ زیب اور کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کے ہمراہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ارلی مون سون شروع ہونے کی وجہ سے قبل از وقت اقدامات کے تحت کوشش کرنی ہے کہ اس بار ڈینگی کو یہاں پھیلنے کو موقع نہ ملے ۔