عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ، وزیر اعظم آزادکشمیر
ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائیگا ،پیپلز پارٹی وفد سے گفتگو
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر شعبہ خواتین کی صدر شاہین کوثر ڈار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں شگفتہ نورین کاظمی، شہزادہ کوثر گیلانی، زوبیہ خورشیداور مسرت گجر بھی شامل تھیں۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی شعبہ خواتین کی جانب سے آزاد کشمیر میں گورننس کے معیار کی بہتری، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے مختصر ترین عرصے میں عوامی خدمت کے متعدد بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے ، ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا پارٹی کو نچلی سطح تک مزید منظم اور فعال بنایا جائے اور خواتین کو مساوی بنیادوں پر گراس روٹ لیول تک قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔