تاجروں کو ہراساں کرنیکا سلسلہ بند کیا جائے، راولپنڈی چیمبر
جیمز اینڈ جیولری سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس، مسائل، برآمدی صلاحیت پر گفتگو
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیراہتمام جیمز اینڈ جیولری سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس چیمبر بلڈنگ میں ہوا۔ صدارت صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کی جبکہ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین غلام مصطفی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کو درپیش مسائل، اس کی برآمدی صلاحیت اور ترقی کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے ایف بی آر اور دیگر ٹیکس اداروں کی جانب سے اختیارات کے بے جا استعمال، بالخصوص رجسٹریشن، ڈیجیٹل انوائسنگ اور دیگر تقاضوں کے نام پر کاروباری برادری کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ صدر آر سی سی آئی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گا اور متعلقہ حکام کے سامنے یہ معاملات بھرپور انداز میں اٹھائے گا تاکہ کاروبار میں آسانی پیدا کی جاسکے۔