معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال بہتر بنا رہے، سیدال خان
عالمی تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کی موثر سفارتکاری کو دنیا نے سراہا،نہال ہاشمی سے گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال کو مستحکم بنانے، اقتصادی حالات میں بہتری لانے اور قومی استحکام کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ داخلی امن و امان کے قیام کے ساتھ پاکستان عالمی سطح پر امن، سلامتی، بین الاقوامی کشیدگی کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس سندھ میں گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، بین الاقوامی امور، بین الصوبائی ہم آہنگی، جمہوریت کے استحکام اور ترقیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ امریکہ۔ایران کشیدگی میں کمی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور عالمی تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کی موثر سفارت کاری کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملک بلکہ سیاسی و عسکری قیادت کے لیے باعثِ فخر ہے۔