ٹیکسلا میں ویساک ڈے کی تقریب، بدھ راہبوں، زائرین کی شرکت
ویساک کا دن گوتم بدھ کی ولادت، روشن ضمیری اور مہاپرینروان کی یاد دلاتا پاکستان اس عظیم ورثے کا امین ، تحفظ یقینی بنایا جا رہا ، وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے ٹیکسلا میوزیم میں منعقدہ انٹرنیشنل ویساک ڈے 2026 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں مختلف بدھ ممالک کے سفارتکا ، ممتاز راہب ، محققین اور زائرین بھی موجود تھے ۔ تقریب حکومتِ پنجاب، نیپال، تھائی لینڈ، جاپان، ویتنام اور سری لنکا کے سفارت خانوں کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ویساک کا دن گوتم بدھ کی ولادت، روشن ضمیری اور مہاپرینروان کی یاد دلاتا ہے ، جو امن، برداشت، ہمدردی اور دانائی جیسے آفاقی اصولوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا اور گندھارا بدھ تاریخ میں نہایت مقدس اور اہم مقام رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہنشاہ اشوک کے دور میں بدھ مت اس خطے میں صدیوں تک فروغ پاتا رہا، جس کے نتیجے میں خانقاہوں، سٹوپاؤں، علمی مراکز اور عالمی شہرت یافتہ گندھارا فن کی بنیاد پڑی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اس عظیم ورثے کا امین ہے اور حکومت اس کے تحفظ، بحالی اور ترویج کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔