مشرق وسطیٰ تنازع ، پاکستان نے ثالث کے طور پر کردار ادا کیا، پولش سفیر
پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارت 1.3ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پولینڈ کے قومی دن کی مناسبت سے پولینڈ کے سفارت خانے میں تقریب منائی گئی ۔ پولینڈ کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مہینوں میں ہم نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور تنازع دیکھا ہے جس کے عالمی اثرات ہیں،مشرق وسطیٰ کے تنازع میں پاکستان نے ایک ثالث کے طور پر کردار ادا کیا ہے اور فریقین کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اسلام آباد پراسیس نے پہلے ہی کشیدگی میں کمی میں کردار ادا کیا ہے ۔ ہم پاکستان کی اس ثالثی کی کوشش کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
گزشتہ چار سال سے ہم یوکرین کے دوستوں، یورپ کی ٹیم، ہم خیال ممالک اور پاکستان کے دوستوں کے ساتھ اس سفارت خانے میں اکٹھے ہوتے آئے ہیں تاکہ روس کے غیر قانونی اور بلاجواز حملے کی ہر سال یاد منائیں، ہم نے غزہ کے انسانی المیے کو بھی خوف اور دکھ کے ساتھ دیکھا ہے ۔ ہم نے پاکستان اور خطے بھر میں دہشت گردی کے بے گناہ متاثرین پر بھی سوگ منایا ہے ۔ کسی بھی نظریے کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کسی بھی مقصد کو دہشت، خوف یا موت پھیلانے کے لیے استعمال کرے پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارت کئی سالوں سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ سال یہ 1.3 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی۔