پارلیمنٹ لاجز کی سکیورٹی ، صفائی پر توجہ دی جائے ، سیدال خان

 پارلیمنٹ لاجز کی سکیورٹی ، صفائی پر توجہ دی جائے ، سیدال خان

رہائش پذیر اراکین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے

اسلا م آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چیئرمین سی ڈی اے ، ایس ایس پی سکیورٹی اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے منسٹر انکلیو میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پارلیمنٹ لاجز کی مجموعی صورتحال، بالخصوص سکیورٹی، صفائی اور نکاسی آب کے مسائل پر غور کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی انتظامات پر اراکین سینیٹ کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ معزز اراکین کی حفاظت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

صفائی اور نکاسی آب کے ابتر حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیدال خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ خصوصا خواتین سینیٹرز نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور صفائی کے انتظامات پر ان شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں رہائش پذیر اراکین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ تجاوزات کیخلاف آپریشنز کو شفاف، منصفانہ اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق انجام دیا جائے اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں