پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،ایک من ملاوٹی دودھ تلف

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،ایک من ملاوٹی دودھ تلف

کارروائی اصغر مال روڈ پر کی گئی ،ملک شاپ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ فوڈ اتھارٹی نے اصغر مال روڈ پر واقع ایک ملک شاپ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دودھ میں ویجیٹیبل آئل کی ملاوٹ ثابت ہونے پر دکان کو سیل کر دیا جبکہ مالک کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران دودھ کے سیمپل حاصل کرکے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جن کی رپورٹ میں دودھ میں ویجیٹیبل آئل کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔

رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے موقع پر موجود ایک من ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق خالص دودھ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں