ایچ ای سی ،ڈیجیٹل ترقی کو تیز کرنے کیلئے اصلاحات کا اعلان
ڈگری تصدیق مکمل آن لائن ، ایم ایس،پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ لازمی آئندہ بجٹ میں ریکرننگ کی مد میں 138ارب کی منظور ی کا مطالبہ ،پریس بریفنگ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گورننس مضبوط بنانے ، ڈیجیٹل ترقی کو تیز کرنے اور بین الاقوامیت کو فروغ دینے کے لیے جامع اصلاحات کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت ڈگری تصدیق مکمل طور پر آن لائن کر دی گئی ہے ، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کے لیے تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے ۔ اصلاحات کے لیے درکار مالی وسائل پر تشویش برقرار ہے ، ایچ ای سی نے حکومت سے آئندہ بجٹ میں( ریکرننگ بجٹ کی مد میں) 138 ارب کی منظور ی کا مطالبہ کیا ہے ۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی اولین ترجیح گورننس کی مضبوطی رہی ہے ، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، وائس چانسلرز کمیٹی، ایکریڈیٹیشن کونسلز اور دیگر فیصلہ ساز فورمز کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں تاکہ باہمی روابط اور اشتراک کو فروغ دیا جا سکے ۔ ایکریڈیٹیشن کونسلز کی بحالی کے حوالے سے چیئرمین نے کہا کہ نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز، بائیولوجیکل سائنسز، لینگویجز اور سائیکالوجی کے شعبوں میں نئی ایکریڈیشن کونسلز قائم کی جا رہی ہیں۔ غیر قانونی اداروں سے حاصل کردہ ڈگریوں کے حوالے سے ڈاکٹر اختر نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تقریباً 56,000 زیر التواء ڈگری کیسز اور 126 زیر التواء پی ایچ ڈی کیسز حل کیے گئے ہیں۔ او لیول، اے لیول اور ایف ایس سی کے طلبہ کیلئے قومی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بحال کر دیا گیا ہے ۔