آسڑیلیا کرکٹ ٹیم کادورہ ،فول پروف سکیورٹی انتظامات
اے ڈی سی جنرل کا انتظامیہ افسران کے ہمراہ سٹیڈیم کا دورہ ،ٹریفک پلان بھی تیار
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا اجلاس ہوا ،سکیورٹی، ٹریفک، صفائی، طبی سہولیات اور شائقینِ کرکٹ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی ملیحہ سحر نے کی جبکہ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی انتظامات، شائقین کیلئے سہولیات، میڈیا باکس، پارکنگ ایریاز اور ایمرجنسی رسپانس پوائنٹس کا معائنہ بھی کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہمان آسٹریلوی ٹیم، میچ آفیشلز، کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے ۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی پلان کو جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر اور مربوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ میچ کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا جا رہا ہے ۔