سالانہ بین الجامعاتی مقابلے ، ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا بیسٹ قرار
24جامعات سے 500طلبہ نے 25مختلف مقابلہ جات میں حصہ لیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ پانچویں سالانہ بین الجامعاتی مقابلے رائزنگ پاکستان 5.0 میں ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا نے بیسٹ یونیورسٹی ایوارڈ اور بیسٹ ایمبیسیڈر ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ملک بھر کی 24 جامعات سے تقریباً 500 طلبہ و طالبات نے 25 مختلف مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ مقابلوں میں بیت بازی، نعت خوانی، اردو و انگریزی تقریری مقابلے ، اوپن مائیک، مضمون نویسی، لوگو ڈیزائن، کوڈ وار، سکیچنگ اور ماحولیاتی آگاہی سرگرمیاں شامل تھیں۔ایئر یونیورسٹی، کامسیٹس، قائداعظم یونیورسٹی، نمل، یو ای ٹی ٹیکسلا، اقراء یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، گومل یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی مردان اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات نے مقابلے میں شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری نہیں بلکہ باشعور اور ذمہ دار شہری تیار کرنا ہے ۔ مختلف جامعات کے طلبہ جب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوتے ہیں تو وہ ایک دوسرے سے سیکھتے ہیں۔ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت سازی، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور قائدانہ اوصاف کو نکھارنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔