ناقص کارکردگی ،عوامی شکایات ،اسلام آباد کے 10 ایس ایچ او تبدیل
کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹائون ، نون، کھنہ، کرپا، ہمک، گولڑہ، رمنا اور بارہ کہو شامل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس میں کارکردگی کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد غیر تسلی بخش پیشہ ورانہ کارکردگی پر متعدد پولیس افسران کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے ۔حکام کے مطابق حالیہ عرصے کے دوران مختلف تھانوں میں جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات کے ازالے اور مجموعی پولیسنگ کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد انتظامی بنیادوں پر کئی ایس ایچ اوز اور سب انسپکٹرز کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا کر نئی تعیناتیاں دی گئی ہیں۔نوٹی فکیشن کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹائون ، نون، کھنہ، کرپا، ہمک، گولڑہ، رمنا اور بارہ کہو کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کر دیا گیا ہے ، جبکہ ریسکیو 15 اور دیگر یونٹس سے افسران کو مختلف تھانوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ بعض افسران کو ریسکیو 15 میں بھی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تبادلوں کا مقصد فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنانا، جرائم کے خلاف کارروائیوں میں بہتری لانا اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے ۔