شفاء انٹرنیشنل نے اکیڈمک میڈیکل سینٹر کی ایکریڈیٹیشن حاصل کر لی
دنیا بھر میں یہ منفرد اعزاز رکھنے والے 70 سے بھی کم اداروں کی فہرست میں شامل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) پاکستان کے شعبہ صحت میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر شفاء انٹرنیشنل ہاسپٹلز لمیٹڈ نے باقاعدہ طور پر جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (جے سی آئی) کی جانب سے ‘‘اکیڈمک میڈیکل سینٹر’’ کی ایکریڈیٹیشن حاصل کر لی ہے جس کے بعد یہ دنیا بھر میں یہ منفرد اعزاز رکھنے والے 70 سے بھی کم اداروں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔ جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ محض ایک ادارے کی کامیابی نہیں بلکہ ایک ایسا قومی سنگ میل ہے جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر طبی مہارت اور ہیلتھ کیئر کے نقشے پر نمایاں کر دیا ہے ۔ جے سی آئی اکیڈمک میڈیکل سینٹر کی یہ ایکریڈیٹیشن بین الاقوامی طب میں سب سے مشکل اور معتبر ترین اعزازات میں شمار ہوتی ہے جو صرف انہی اداروں کو دی جاتی ہے جو اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار اور حفاظتی اصولوں کے تحت بیک وقت عالمی معیار کا طبی علاج، معیاری طبی تعلیم اور جدید ترین انسانی تحقیقی منصوبوں کو یکجا کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ شفائانٹرنیشنل کے حالیہ تشخیصی جائزے کے دوران تمام جانچے گئے معیارات پر مکمل تعمیل (فل کمپلائنس) دیکھی گئی اور ہسپتال کا ‘سیفر (SAFER)رسک میٹرکس’ مکمل طور پر کلیئر رہا۔