ایکسپریس وے پر تمام ٹیوب ویلز کا آپریشن فوری بند کرنیکا حکم
فیض آباد سے کورال انٹرچینج تک نصب ٹیوب ویلز کیلئے جاری کردہ این او سی منسوخ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ واٹرڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد ایکسپریس وے کی سروس روڈ پر فیض آباد سے کورال انٹرچینج تک نصب ٹیوب ویلز کیلئے جاری کردہ این او سی منسوخ کرتے ہوئے ان کا آپریشن فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ یہ فیصلہ مقامی آبادی کی جانب سے پانی کی شدید قلت کے باعث کئے گئے ،سی ڈی اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق 10 جون 2022 کو واسا راولپنڈی کو اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ گرین بیلٹ میں 15 ٹیوب ویلز نصب کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں یہ انکشاف ہوا کہ علاقے میں زیر زمین پانی کی سطح کو مدنظر رکھے بغیر جاری کیے گئے اس این او سی کے نتیجے میں پانی کے بے دریغ استعمال سے مقامی آبادی کے گھریلو بور اور نجی ٹیوب ویلز خشک ہونا شروع ہو گئے ، جس سے لاکھوں شہری پانی کی شدید قلت کا شکار ہو گئے ۔ سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے کے ملحقہ علاقوں میں پانی نکالنے یا نئے ٹیوب ویلز لگانے کے لیے جاری تمام این او سیز منسوخ تصور ہوں گے اور موجودہ ٹیوب ویلز کا آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے گا۔ سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ احکامات ممبر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی) سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر سردار خان زمری نے جاری کیے ہیں۔