سی ڈی اے ،2ہزار سے زائد خالی غیر فعال اسامیاں ختم کرنیکا فیصلہ

سی ڈی اے ،2ہزار سے زائد خالی غیر فعال اسامیاں ختم کرنیکا فیصلہ

گریڈ 1سے 17تک کی مختلف اسامیاں فوری طور پر ختم ،سروس رولز میں ترمیم کی ہدایت

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری اور رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت ادارے میں بڑے پیمانے پر تنظیمِ نو کا عمل شروع کرتے ہوئے مختلف کیڈرز کی دو ہزار سے زائد خالی، غیر فعال اور زائد قرار دی گئی اسامیوں کو بتدریج ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ اقدام سی ڈی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد ادارے کے انتظامی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہے ۔سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ 8 جون 2026 کو منعقدہ سی ڈی اے بورڈ کے ساتویں اجلاس میں کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ 1 سے 17 تک کی مختلف اسامیوں کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے ۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ سروس ریگولیشنز میں ضروری ترامیم کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ اس فیصلے پر عملدرآمد میں کوئی قانونی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ختم کی جانے والی آسامیوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (سول)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ای اینڈ ایم)، ایڈمن آفیسر، جونیئر اسسٹنٹ، جونیئر ٹیکنیشن، پٹواری، سکیورٹی گارڈ، ڈرائیور، لیب اٹینڈنٹ، مالی، نائب قاصد، خاکروب اور دیگر متعدد تکنیکی و غیر تکنیکی عہدے شامل ہیں۔ سینئر افسر کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ادارے میں بھرتیاں محدود رہیں جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا، جس سے انتظامی اخراجات میں کوئی کمی نہ آئی اور ادارے کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں