یومِ آزادی ،امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام انٹرپرینیورشپ نمائش
فنونِ لطیفہ اقوام،عوام کے درمیان پائیدار روابط قائم کرنیکی صلاحیت رکھتے ہیں،نیٹلی بیکر
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)امریکی سفارتخا نے کی جانب سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے سلسلے میں یو ایس ایجوکیشن فائونڈیشن اِن پاکستان (یو ایس اِی ایف پی) میں آرٹس انٹرپرینیورشپ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں فنکاروں، ڈیزائنرز، کاروباری شخصیات اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں معاشی ترقی، دوطرفہ تعلقات اور بین الثقافتی روابط کو فروغ دینے کیلئے تخلیقی شعبے سے منسلک صنعتوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پروگرام کے مہمانِ خُصوصی امریکی ناظم الاُمور نیٹلی بیکر اور پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی تھے جبکہ معروف براڈکاسٹر اور فلم ساز توثیق حیدر نے تقریب کی نظامت کی۔ ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ فنونِ لطیفہ اقوام اور عوام کے درمیان پائیدار روابط قائم کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ترین روابط میں سے ایک ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امریکہ کو پاکستانی ملبوسات اور تیار شدہ گارمنٹس کی برآمدات کی اوسط مالیت چار ارب ڈالر سالانہ سے زائد رہی ہے ۔ ان میں سے بہت سے ملبوسات امریکی کپاس سے بنائے گئے تھے ۔ پاکستان ہر سال تقریباً آٹھ سو ملین ڈالر مالیت کی امریکی کپاس اور دیگر خام ٹیکسٹائل مواد درآمد کرتا ہے ۔ انہوں نے تخلیقی کاروباری سرگرمیوں کو معاشی مواقع اور دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تخلیقی صنعتیں ترقی اور معاشی نمو کو مہمیز دیتی ہیں۔