5 اگست کو یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں
وزارتِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان کے سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس ،منصوبہ بندی کا جائزہ
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )وزارتِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران کے سیکرٹری کامران رحمان خان کی زیرِ صدارت جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں 5 اگست 2026 کو منائے جانے والے یومِ استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریبات اور مجموعی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ اطلاعات و نشریات، اسلام آباد پولیس، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے )، وزارتِ وفاقی تعلیم، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، کنٹونمنٹ بورڈ، اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ سمیت مختلف وزارتوں، محکموں اور اداروں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی واکس سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کے خلاف کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے ۔