مون سون ،راولپنڈی میں متعلقہ ادارے ہائی الرٹ
ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات مکمل ہونے چاہیں،ڈی سی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے دوران متوقع بارشوں کی پیش گوئی اور ضلع راولپنڈی میں ممکنہ موسمی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون میں متوقع صورتحال کے تحٹ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موسمی پیش گوئی پر مسلسل نظر رکھی جائے ، الرٹ سسٹم کو ہر وقت فعال رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پیشگی مکمل ہونے چاہیں۔ اجلاس میں مون سون ایمرجنسی پلان، ضلعی سطح پر اداروں کی تیاری، نکاسی آب کے انتظامات، برساتی نالوں کی صفائی، ہنگامی مشینری کی دستیابی، ریسکیو وسائل اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کا جائزہ لیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطہ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔