تجاوزات ختم ،صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے ،کمشنر
ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے مرکزی دفتر کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کنٹرول روم، اکاؤنٹس آفس، فنانس برانچ، پبلک ریلیشن آفس، میٹرو پولیٹن آفس سمیت مختلف دفاتر کا معائنہ کیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کمشنر سلمان غنی نے سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ایک شہری کی شکایت موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے حل کرائی۔ کمشنر نے عملے کی حاضری بھی چیک کی اور افسران و ملازمین کے مسائل سنے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور عوام سے خوش اخلاقی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے دفتری امور کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شفافیت، رفتار اور عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے تمام زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ بزرگ ملازمین کو بروقت ان کا حق مل سکے ۔ تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments