عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پارلیمانی اتحاد ناگزیر، چیئرمین سینیٹ
بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس بحرانوں پر فوری ردِعمل کیلئے مؤثر طریقہ کار وضع کرےسید یوسف رضا گیلانی کا دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پنوم پن میں دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن منیٹ اور صدر سینیٹ کمبوڈیا سامدیک موہا بورور تھپادی ہن سین بھی موجود تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانفرنس کے انعقاد پر بادشاہِ کمبوڈیا کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پارلیمانی اتحاد اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں، پارلیمانی سفارت کاری کو ’’عزم سے عمل، مکالمے سے عملی اقدامات اور وعدوں سے نتائج‘‘ کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ابھرتے ہوئے بحرانوں پر فوری پارلیمانی ردِعمل کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرے اور امن و استحکام کی بنیاد کے طور پر بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے دنیا بھر کے پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ وہ اتحاد، بصیرت اور مشترکہ عزم کے ساتھ قیادت کا کردار ادا کریں۔ دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی مملکتِ کمبوڈیا کر رہی ہے جس میں مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنما شریک ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments