پاکستان کی ترقی کیلئے نئے صوبوں کا قیام نا گزیر، عبدالعلیم خان
جو ساتھ دیگا وہ ساتھ رہے گاورنہ اسے جانا ہو گا، پارٹی اجلاس میں گفتگوایکسل لوڈ کنٹرول رجیم بارے اجلاس، جی ٹی روڈز پر بھی وے سٹیشنزبنانیکی ہدایت
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی نے ایک بار پھر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے نئے صوبوں کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے، پاکستان، ذاتیات اور سیاسی مفادات سے مقدم اور مقدس ہے ، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود اور پارٹی کے صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان کے علاوہ گلگت بلتستان سے صوبائی وزیر حاجی انور علی اور ممبر جی بی اسمبلی امام مالک بھی موجود تھے ۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسی کو پسند ہو یا نہ ہو، اچھا لگے نہ لگے ،نئے صوبے بنانا ہوں گے ، اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
شخصی یا سیاسی مفادات کسی صورت پاکستان کے مفاد سے بڑے نہیں ہو سکتے ۔ عام آدمی کے مسائل اْس کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے چھوٹے انتظامی یونٹس بنانا نا گزیر ہے ، ملکی بقاء ، ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی قربانی سے ایک لمحہ نہیں ہچکچائیں گے ۔ جو اس مقصد میں ساتھ دے گا وہ ساتھ رہے گا، ورنہ اْس کو جانا ہو گا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا ہزارہ صوبے کی طرح بہاولپور صوبے کی بھی مکمل حمایت کر تے ہیں ، سرائیکی صوبہ، ملتان اور دیگر انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر برائے مواصلات نے ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم کے مستقل اور پائیدار حل کیلئے این ایچ اے کے قانونی فریم ورک میں ایک ہفتے کے اندر ضروری ترامیم لانے کی ہدایت کی ہے ۔یہ ہدایت انہوں نے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرکوں پر زیادہ وزن لادنے کا سبب بننے والی فیکٹریوں کی باقاعدہ نشاندہی کر کے اب ان پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔ انہوں نے موٹرویز کی طرز پر جی ٹی روڈز پر بھی وے سٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments