اسلام آباد،تجاوزات کیخلاف کارروائیاں،ہزاروں کنال سرکاری اراضی واگزار
زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جاری کارروا ئیوں کا مقصد سرکاری اراضی، عوامی املاک کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ بناناعوامی سطح پر ’’ویل ڈن محسن نقوی‘‘ کے تاثرات، محسن سپیڈ تیز رفتار اور نتیجہ خیز گورننس کی علامت کے طور پر ابھر رہا ہے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے /چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں جن کے نتیجے میں ہزاروں کنال سرکاری اراضی اور اربوں روپے مالیت کی املاک واگزار کرائی گئی ہیں۔ سی ڈی اے ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی تجارتی توسیعات، کیوسکس، سڑک کنارے قائم غیر قانونی سٹالز، گرین بیلٹس، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران سیدپور، نورپور شاہاں، اسلام آباد ایکسپریس وے، ترنول سمیت مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ مارکیٹوں، رہائشی سیکٹرز، سروس روڈز اور گرین بیلٹس میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد سرکاری اراضی اور عوامی املاک کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ بنانا، شہری نظم و ضبط بحال کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور اسلام آباد کو صاف، سرسبز، محفوظ اور ماحول دوست شہر بنانا ہے۔ انسداد تجاوزات مہم کے نتیجے میں فٹ پاتھوں اور پیدل چلنے والوں کے راستوں کی بحالی، پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری، ٹریفک رکاوٹوں میں کمی اور شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔سی ڈی اے
ترجمان کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں کسی امتیاز کے بغیر قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔وفاقی دارالحکومت میں جاری ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک، خوبصورت، محفوظ، قابل رہائش اور سیاحت و سرمایہ کاری کیلئے مزید پرکشش ماڈل شہر بنانا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت اور ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ کی سربراہی میں ان کوششوں کو نمایاں کامیابی ملی۔ ان مؤثر اقدامات کے اعتراف میں عوامی سطح پر Well Done Mohsin Naqvi کے تاثرات سامنے آرہے ہیں، جو عملی اقدامات، بہتر گورننس اور نتائج پر مبنی طرز حکمرانی کے عکاس ہیں۔ جاری بلاامتیاز کارروائیوں نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی متحرک اور نتیجہ خیز قیادت کا عملی مظاہرہ پیش کیا ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد کی شناخت ایک ماڈل دارالحکومت کے طور پر مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ محسن سپیڈ تیز رفتار اور نتیجہ خیز گورننس کی علامت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments