شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی اولین ترجیح ،کمشنر
دادھوچہ ڈیم سے راولپنڈی کو پانی کی فراہمی،منصفانہ تقسیم بارے اجلاس ،بریفنگ
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت دادھوچہ ڈیم سے راولپنڈی کو پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نذارت علی شاہ، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، کینٹ بورڈز، ہاؤسنگ، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں دادھوچہ ڈیم سے راولپنڈی کو پانی کی فراہمی کے مجوزہ نظام، پانی کی دستیابی، موجودہ ڈسٹری بیوشن اور مستقبل کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں واسا کی جانب سے آبادی کو فراہم کی جانے والے پانی کی مقدار 72 mgd ہے اور اس وقت دستیاب پانی 51 mgd ہے۔
واسا کو یہ پانی راول ڈیم، خانپور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے ملتا ہے ۔ دادھوچہ ڈیم فعال ہونے کے بعد راولپنڈی کو تقریباً 35 ملین گیلن روزانہ ملے گا جس میں سے واسا کو 15mgd جبکہ 20 کینٹ بورڈز اور ڈی ایچ اے کو دیا جائے گا۔ پانی کے اس بڑے حصے سے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی اور گھریلو استعمال کے پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ پانی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور پانی کے تحفظ اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments