پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی ، رانا تنویر
کسانوں، لائیو سٹاک فارمرز اور دیہی آبادی کے مفاد میں زرعی شراکت داری کرینگے
اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کسانوں، لائیو سٹاک فارمرز اور دیہی آبادی کے مفاد میں زرعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہارنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں چین کی وزارتِ زراعت و دیہی امور کی جانب سے پاکستان کو لمپی اسکن ڈیزیز اور بروسیلا میلیٹینسس کے خلاف عطیہ کی گئی ویٹرنری ویکسینز کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور شی یوان چیانگ، سیکریٹری وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، چیئرمین پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل، اعلیٰ سرکاری حکام، چینی سفارتخانے کے نمائندگان، سائنسدانوں اور لائیو اسٹاک شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے حکومتِ چین، وزارتِ زراعت و دیہی امور اور چینی سفارتخانے کا اس قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عطیہ پاکستان اور چین کی آزمودہ اور دیرینہ دوستی اور زراعت، لائیو اسٹاک، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی میں بڑھتے ہوئے تعاون کا عملی مظہر ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی زرعی معیشت اور دیہی آبادی کے معاشی استحکام میں لائیو سٹاک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مویشی آمدن اور معاشی تحفظ کا اہم ذریعہ ہیں۔ لمپی اسکن ڈیزیز اور بروسیلا جیسی بیماریاں جانوروں کی صحت، دودھ اور گوشت کی پیداوار، افزائشِ نسل اور مجموعی پیداواری صلاحیت کو متاثر کرکے کسانوں کو نمایاں معاشی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدی بیماریوں سے مویشیوں کے تحفظ، بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی اور پیداواری و معاشی نقصانات کو کم کرنے کے لیے بروقت ویکسینیشن مؤثر ترین حفاظتی اقدامات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عطیہ کردہ ویکسینز پاکستان میں جانوروں کی بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور لائیو اسٹاک پر بیماریوں کے اثرات کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments