راولپنڈی کینٹ،ایک ارب 39کروڑ 50لاکھ کے 7ترقیاتی منصوبے
واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، شاپنگ سینٹر کی توسیع، ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت شامل
راولپنڈی (اے پی پی)راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے سات نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، شاپنگ سینٹر کی توسیع، ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت اور سٹریٹ لائٹنگ کے نظام میں بہتری شامل ہے ۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق مالی سال 2026-27کے ترقیاتی پروگرام میں ٹینچ روڈ پرکنٹونمنٹ بورڈ شاپنگ سینٹر کے فیز ٹو کی تعمیر، 15 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، سنگجانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پمپ نمبر 5 کی مرمت اور مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت سات منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔
ٹینچ روڈ پر کنٹونمنٹ بورڈ شاپنگ سینٹر کے فیز ٹو کی تعمیر کے لئے 39 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ 15 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے سول ورکس اور بحالی کے لئے 20کروڑ روپے مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ اسی طرح سنگجانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پمپ نمبر 5 کی مرمت کے لئے تقریبا 35 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ترقیاتی پروگرام کے تحت ویسٹریج ون، ویسٹریج ٹو، الہ آباد روڈ، ویسٹریج تھری کی گلیوں نمبر ایک تا سات، مصریال روڈ اور رینج روڈ سمیت مختلف علاقوں میں 120 واٹ کی ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس اور متعلقہ انفراسٹرکچر بھی نصب کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments