ڈپٹی کمشنر کا ہولی فیملی کا دورہ ،سہولیات بہتر کرنیکی ہدایت
مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات ،مسائل فوری حل کئے جائیں ،ندیم ناصر
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے ، ادویات کی فراہمی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں میں صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ۔ مریضوں کی سہولت، صفائی ستھرائی اور طبی خدمات کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ادھر ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سکیموں، بالخصوص واٹر سپلائی، سیوریج اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے واٹر سپلائی اور سیوریج کی جاری سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments