سی آئی ایم ایم وائے ٹی کی جانب سے زرعی مشینری فراہم
فیصل آباد کے گندم تحقیقاتی ادارے میں لیبارٹری،تحقیقی سرگرمیوں کیلئے مختص کام کی جگہ کا افتتاح
فیصل آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان میں گندم کی تحقیق، بیجوں کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے والی اقسام کی تیاری کو مزید مو ثر بنانے کے لیے بین الاقوامی مرکز برائے مکئی و گندم کی بہتری جیسے سی آئی ایم ایم وائے ٹی(CIMMYT) کے نام سے شہرت حا صل ہے نے حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر کے قومی زرعی تحقیقی اداروں کو لیبارٹری کے جدید آلات اور زرعی مشینری فراہم کی ہے ۔ یہ اقدام CIMMYT اور پاکستان کے درمیان سائنسی تعاون کے چھ عشروں کی تکمیل کے موقع پر کیا گیا ہے ، جس کا مقصد قومی تحقیقی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور زرعی پیداوار و غذائی تحفظ کو مستحکم بنانا ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ (AARI)، فیصل آباد کے گندم تحقیقاتی ادارے میں ایک مخصوص لیبارٹری اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مختص کام کی جگہ کا افتتاح کیا گیا۔ وسیع تر پروگرام کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں شراکت دار اداروں کو بیجوں کی صفائی اور درجہ بندی کرنے والی مشینیں، بغیر ہل چلائے بیج اور کھاد کی بوائی کے لیے ڈرل مشینیں اور تحقیقی تھریشرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس اقدام کے تحت تین بیج صاف کرنے اور درجہ بندی کرنے والی مشینیں، بغیر ہل چلائے بیج اور کھاد ڈالنے والی 10 ڈرل مشینیں اور 11 تحقیقی اداروں کے لیے تجرباتی تھریشرز کے پیکیجز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے پانچ شراکت دار اداروں میں لیبارٹری کے آلات فراہم کرنے اور مخصوص تحقیقی جگہوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments