وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ کی تاریخ میں 15 نومبر تک توسیع
پری سموگ آپریشن شروع ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کو سیل کیا جائے گا،کمشنر
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے کہا کہ راولپنڈی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 97 سے 100 کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، جسےمعتدل سے غیر صحت بخش کیٹیگری میں شمار کیا جاتا ہے ۔جڑواں شہروں کی فضا میں آلودگی کی بڑی وجہ کارخانوں کے علاوہ گاڑیوں کا دھواں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے اڑنے والی دھول ہے ۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے سموگ پر قابو پانے کے لیے پری سموگ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے ۔ تاہم، گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کے لیے وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ کی تاریخ میں 15 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے تاکہ شہری آسانی سے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان اور انہیں بند کرنے کا عمل جاری ہے ۔
زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔اجلاس میں سموگ سے بچاؤ اور پھیلاؤ کو روکنے کیلیے ہر محکمہ نے اپنی جائز رپورٹ پیش کی جس میں اینورمنٹل فورسمنٹ نے فضاء کو آلودہ کرنے والی 505 انڈسٹریل یونٹ میں سے 41 کیخلاف ایکشن، 125 سٹون کریش میشن میں سے 20 کیخلاف ایکشن، 2229 اینٹوں کے بھٹوں میں سے 14 کو مسمار اور 4 کیخلاف ایف آئی آر درج، دھواں کھنچنے والے 870 یونٹس میں سے 119 کو سیل کیا گیا۔، 7 سیمنٹ فیکٹریوں میں سے 16 کو نوٹس، 2 پائرولائسز پلانٹس کو خلاف ورزی کرنے پر دونوں کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ سٹی ٹریفک پولیس آفیسر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اگست 2026 سے لیکر اکتوبر تک 11953 گاڑیوں کے چالان کیے جن سے 35859000 جرمانہ وصول کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments