پی ای ٹی بوتلوں پر پابندی، ابہام دور کیا جائے، سی اے پی
دکانداروں نے بوتل بند مشروبات کی فروخت روک دی، صارفین کو مشکلات، ریاض اشر
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (CAP)نے وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک کی پی ای ٹی (PET)بوتلوں پر مبینہ پابندی سے متعلق پیدا ہونے والے ابہام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے قانونی صورتحال فوری طور پر واضح کی جائے تاکہ دکانداروں اور صارفین کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔ اسلام آباد و شمالی پاکستان چیپٹر کے چیئرمین ریاض اشر نے کہا کہ پلاسٹک کی بوتلوں سے متعلق غیر واضح صورتحال کے باعث بعض دکانداروں نے احتیاطاً بوتل بند پانی، جوس اور سافٹ ڈرنکس رکھنا بند کر دی ہیں، جس سے عام صارفین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی حالیہ رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے درمیان پی ای ٹی بوتلوں سے متعلق اختلافات کی خبروں نے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے ، جس کے نتیجے میں دکاندار ممکنہ کارروائی کے خدشے کے پیش نظر ان مصنوعات کی فروخت سے گریز کر رہے ہیں۔ چیئرمین CAPنے پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے ) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیغم عباس سے منسوب اس وضاحت کا بھی حوالہ دیا، جس کے مطابق پی ای ٹی بوتلوں پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments