چیئرمین سی ڈی اے کا بابرپارک کا دورہ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ
پارک پاکستان اور ازبکستان کی حکومتوں کے اشتراک سے دیرینہ دوستانہ تعلقات،دوستی کی علامت کے طور پر تعمیر کیا جا رہا کاموں کی رفتار ، معیار کی مسلسل نگرانی ،تعمیرات، لینڈ اسکیپنگ اور ماحولیاتی پائیداری کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جائے ،سہیل اشرف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں پاکستان اور ازبکستان کی حکومتوں کے اشتراک سے بابر پارک کو دونوں برادر ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور گہری دوستی کی علامت کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد کی فیصل ایونیو پر زیر تعمیر بابر پارک کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی اور سی ڈی اے کے دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین کو بابر پارک کے منصوبے پر ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ ازبک ڈیزائنرز اور ماہرین کے تعاون، مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت پارک میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پارک کو اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ایک خوبصورت، پائیدار اور عالمی معیار کی تفریحی گاہ بنانے کیلئے ماحول دوست شجرکاری، جدید لینڈ سکیپنگ اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی امور کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بروقت تکمیل کے بعد بابر پارک اسلام آباد کے بہترین تفریحی مقامات میں شمار ہوگا۔ یہ پارک پاکستان اور ازبکستان کی دوستی، بھائی چارے اور مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کی ایک دیرپا علامت ثابت ہو گا۔ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے تمام ضروری وسائل اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تعمیرات، لینڈ اسکیپنگ اور ماحولیاتی پائیداری کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments