افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی قابلِ تشویش، پاکستان کی حمایت کرتے ہیں: مارکو روبیو

واشنگٹن :(دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی قابلِ تشویش ہے جب کہ پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان نے اپنی سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے، طالبان کی جانب سے ناکافی اقدامات کے باعث پاکستان نے کارروائی کی ہے، امریکا نہیں چاہتا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

دوسری جانب یوکرین جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ مذاکرات کے ذریعے یوکرین میں امن ممکن ہو سکے گا یا نہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کوئی یہ دعویٰ نہیں کر رہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ ہونے کے قریب ہے، تاہم امریکا ایک انتہائی تباہ کن جنگ کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کو ہر رات توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر تباہ کن حملوں کا سامنا ہے جب کہ ملک میں شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، روس میں بھی ہر ماہ 20 ہزار افراد مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے جنگ کی شدت اور تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی ہلاکت خیز اور تباہ کن جنگ ہے، جنگ کا ہر گزرتا مہینہ مزید تباہی اور ہلاکتوں کا سبب بن رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی کوشش ہے کہ اس تباہ کن جنگ کو روکا جائے اور امن کے لیے کوئی قابل عمل راستہ تلاش کیا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...