وفاق کے ماتحت اداروں کی لاپرواہی سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے: شرجیل میمن

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر اور توسیع میں رکاوٹ بننے والی یوٹیلیٹی تنصیبات فوری منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاق کے ماتحت اداروں سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق کے ماتحت متعلقہ اداروں کی لاپرواہی سے عوامی ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں، حیسکو اور سیپکو کو سڑکوں پر قائم بجلی کے کھمبوں کی منتقلی کے لیے معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے، اس کے باوجود زیر تعمیر سڑکوں سے کھمبے تاحال نہیں ہٹائے جا رہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سکھر میں سڑک سے کھمبے ہٹانے کے لیے پانچ سال قبل ادائیگی کی گئی تھی لیکن آج تک کھمبے نہیں ہٹائے گئے۔ حیسکو، سیپکو، کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس اور دیگر متعلقہ یوٹیلیٹی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، تاہم یوٹیلیٹی اداروں کی جانب سے تنصیبات کی منتقلی میں تاخیر منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سڑکوں پر موجود بجلی کے کھمبے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں جبکہ دیگر یوٹیلیٹی تنصیبات بھی سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کے کام کو متاثر کر رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ معاوضے کی ادائیگی کے باوجود کھمبوں اور دیگر تنصیبات کی منتقلی نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے، متعلقہ ادارے اس معاملے میں فوری پیش رفت کریں۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر کی اہم وجوہات میں یوٹیلیٹی تنصیبات اور کھمبوں کو متبادل مقامات پر منتقل کرنے میں تاخیر بھی شامل رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی تنصیبات کی منتقلی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وفاقی یوٹیلیٹی ادارے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ نہ پڑے۔ متعلقہ ادارے فوری طور پر سڑکوں پر قائم کھمبوں اور دیگر یوٹیلیٹی تنصیبات کی منتقلی مکمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...