پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 12 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا

 پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 12 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا

پاکستان کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی کان کنی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران، سرمایہ کار، پالیسی ساز، مالیاتی ادارے اور تکنیکی ماہرین شرکت کریں گے ۔ فورم کا مقصد پاکستان کے وسیع معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا اور عالمی معدنی سپلائی چینز کے ساتھ ملک کے روابط مضبوط بنانا ہے ۔ یہ فورم حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سرپرستی میں منعقد ہورہاہے ۔ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) فورم کا بانی شراکت دار ہے ۔ اس ایونٹ کا مقصد پی ایم آئی ایف 25 کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے عالمی روابط کو فروغ دینا، پالیسی اصلاحات کو اجاگر کرنا اور سرمایہ کاری، معدنیات کی تلاش، پراسیسنگ اور پائیدار کان کنی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے ۔فورم کے پہلے روز ابتدائی مرحلے کی معدنیاتی تلاش کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور کان کنی کے شعبے میں خواتین کی شمولیت پر توجہ دی جائے گی۔ شرکاء نئی نسل کے کان کنی منصوبوں، فعال لائسنسوں کے تحت ہونے والی دریافتوں اور معدنیاتی منصوبوں کو پیداواری مرحلے تک پہنچانے کی حکمت عملیوں پر بھی غور کریں گے ۔ \"جیالوجیکل سروے میں تعاون کا فروغ: پاکستان کی معدنی صلاحیت سے استفادے کے نئے امکانات\" کے عنوان سے خصوصی سیشن میں باہمی تعاون، ڈیٹا کے تبادلے اور تکنیکی شراکت داری کے ذریعے ارضیاتی معلومات کو بہتر بنانے ، معدنیات کی تلاش کے خطرات کم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...