سپاہ محمد کے کارکن ابوتراب و دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری

سپاہ محمد کے کارکن ابوتراب و دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری

مقدمہ کا حتمی چالان پیش، عباس رضا زیدی اور محمد رضا کو مفرور قرار دے دیا گیاجج نے چالان منظور کرلیا، ملزمان نے فیروز آباد میں ریحان خان کو قتل کردیا تھا

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں گر فتار کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے کارکن سید ابو تراب سمیت دیگر کے مقدمے کا حتمی چالان منظور کرتے ہوئے ملزم سید ابو تراب اور دیگر دہشت گردوں کے 29 جون کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے،مقدمے کے حتمی چالان میں 2دہشت گردوں عباس رضا زیدی اور محمد رضا کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر lllکے لنک جج آنند رام ڈی سیرانی نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار کالعدم مذہبی تنظیم سپاہ محمد کے دہشت گردوں سید ابوتراب،سید فرقان اور فیصل کے مقدمے کی سماعت کی ۔اس موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر بہزاد نے مقدمے کا حتمی چالان پیش کیا جس پر فاضل عدالت کے جج نے سرکاری وکیل عبدالمعروف سے چالان کے مطالعے کے بارے میں استفسار کیا ۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ چالان میں چشم دید ،واقعاتی ،سائنسی اور طبعی شہادتیں موجود ہیں، فرانزک اور کیمیکل ایگزامن کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ، علاوہ ازیں اس میں مدعی مقدمہ سمیت 17گواہان کے ناموں کا اندراج ہے ،2دہشت گردعباس زیدی اور محمد رضا تا حال مفرور ہیں ۔تفتیشی افسر کے حتمی چالان کے مطابق ملزمان دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث ہیں،ملزم ابوتراب سے ملنے والے اسلحے کے خول وارداتوں میں استعمال ہونے والے خول سے میچ کرتے ہیں۔جج نے چالان کو منظور کرتے ہوئے ملزم سید ابوتراب سمیت دیگر دہشت گردوں کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 8ستمبر کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ فیروز آباد کی حدود میں فائرنگ کرکے محمد ریحان خان نامی شخص کو ہلاک کردیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں