دینی تعلیم سے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے ،گورنر سندھ

دینی تعلیم سے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے ،گورنر سندھ

ہمارا دین مکمل ضابطہ حیات ،دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم کی اشدضرورت ہےمیڈیامثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرے ،فضلا تربیتی اجتماع کی تقریب سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جمعیت الرشید کے تحت احسن آباد میں فضلا تربیتی اجتماع 2019 کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دینی تعلیم سے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے کیونکہ ہمارا دین ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم بھی وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ گورنرسندھ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرونک میڈیا اور سوشل میڈیا جدید اور تیز ترین معلومات کی فراہمی میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ ملک میں ہونے والی مثبت سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرے۔گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ ظلم و تشدد کے واقعات روز بروز بڑھتے جارہے ہیں کیونکہ مودی ہٹلر کا ایجنڈالے کر آگے بڑھ رہا ہے، بھارت میں مسلم نسل کشی اور کشمیر میں 150 دن سے کرفیو پر دنیا کے با اثر ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، کوئی نہیں بولتا کیونکہ ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ ہے ۔ گورنر سندھ نے عالمی برادری سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت میں اقلیتی برادریوں پر ظلم و تشدد کے واقعات کا فوری طور پر سخت نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ملک کے تمام ادارے مستحکم ہوں اس ضمن میں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں