پونے 2 ارب کے چار بڑے منصوبے مکمل,آج افتتاح

پونے 2 ارب  کے چار بڑے منصوبے مکمل,آج افتتاح

مکمل ہونے والے میگا پروجیکٹس میں کورنگی ڈھائی نمبر برج، کورنگی 5 نمبر برج، شہید ملت پرحیدر علی روڈ انڈرپاس اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف کی سڑکیں شامل ہیں افتتاح پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے ،وفاق سے تعاون نہ ملنے کے باوجود اور مخالفین کی تنقید کی پروا کیے بغیر ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے ،سعید غنی کی دنیا سے گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں سے پونے دو ارب روپے کی لاگت کے چار میگا منصوبے مکمل ہوگئے جن کا افتتاح آج(پیر کو) ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت کے دوران شہر میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں میں سے مزید چار منصوبے تکمیل کے مراحل مکمل کرچکے ہیں تاہم ان منصوبوں سے منسلک بعض کام ابھی نامکمل ہیں جنہیں جلد مکمل کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر (آج) کو ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ کراچی کے چار مکمل ہونے والے میگا پروجیکٹس میں کورنگی ڈھائی نمبر برج، کورنگی 5 نمبر برج، حیدر علی روڈ انڈرپاس اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف کی سڑکیں شامل ہیں ۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور دیگر رہنما شریک ہوں گے ۔ ان چار منصوبوں پر مجموعی طور پر ایک ارب 74 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔کورنگی ڈھائی نمبر پر بننے والے برج پر 33 کروڑ روپے جبکہ کورنگی 5 نمبر پر بننے والے برج پر 33 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ علاوہ ازیں شہید ملت روڈ پر بننے والے حیدر علی انڈر پاس پر 66 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ کینٹ اسٹیشن کے اطراف سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر 42 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات اور محنت سعید غنی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی ہے۔ یونیورسٹی روڈ،شارع فیصل کی ازسرنو تعمیر کے علاوہ کئی دیگر منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے اور عوام کے مسائل کا ادراک جس قدر اس پارٹی کو ہے کسی اور کو نہیں ہوسکتا۔سندھ حکومت نے وفاق سے تعاون نہ ملنے کے باوجود اور مخالفین کی تنقید کی پروا کیے بغیر ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ دریں اثناء باخبر ذرائع کے مطابق کورنگی برج کے دونوں منصوبوں پر اسی سال کام شروع ہوا تھا۔ کورنگی ڈھائی اور پانچ نمبر کے پلوں کا ایک ایک ٹریک بننا ابھی باقی ہے۔ان ٹریکس کے لیے بجٹ منظور نہ ہونے کے باعث یہ دونوں ٹریکس ابھی نامکمل ہیں تاہم ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کے لیے فی الحال ایک ایک ٹریک ہی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں