تھرپارکر:رمضان کھوسو قتل کیس میں سابق تھانیدار عدالت سے گرفتار
حسین بخش ضمانت کیلئے پہنچا تھا، مقتول کے والد کا عدالت کے مرکزی دروازے پردھرنامقدمے کے دو مرکزی ملزمان شوکت راہموں، لالہ بجیر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا
تھرپارکر (نامہ نگار)رمضان کھوسو قتل کیس میں مرکزی ملزم سابق ایس ایچ او حسین بخش راجڑ کو عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، ڈیپلو کے قریب علی بندر روڈ پر کار پرفائرنگ سے جاں بحق رمضان کھوسو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم جیسے ہی سیشن کورٹ ضمانت کے لیے داخل ہوا، تو پولیس نے عدالت کی ناکہ بندی کر دی۔ وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے حسین بخش راجڑ کی ضمانت منسوخ کردی، اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس دوران رمضان کھوسو کے ورثا نے عدالتی احاطے میں نعرے بازی شروع کردی۔ قبل ازیں مقتول رمضان کھوسو کے والد سیشن کورٹ کے مین گیٹ پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے اور مطالبہ کیا کہ بیٹے کو قتل کرنے والے ایس ایچ او کو گرفتار کیا جائے ۔ جبکہ مقدمے کے دو مرکزی ملزمان شوکت راہموں اور لالہ بجیر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ یاد رہے کہ مقتول رمضان کے قتل کا مقدمہ میں ایس ایچ او حسین بخش راجڑ سمیت تین پولیس اہلکاروں اور ایک گاؤں کے مکین پر داخل ہے ، جس میں ایک پولیس اہلکار اور گاؤں کا مکین گرفتار ہیں، دوسری جانب مٹھی سے ملزم کو ڈیپلو منتقل کیا گیا، جہاں آج عدالت میں پیش کیا جائیگا، شہریوں اور مقتول نوجوان کے ورثاء کا کہنا ہے کہ تھر پولیس ملزم کو جیل میں رکھے اور کوئی ملاقات نہ کروائے۔