اے ٹی ایم فراڈ سے شہریوں کو لوٹنے والا گرفتار
ملزم زاہد علی شہری کے ساتھ اندر جاتا اور کارڈ خفیہ طور پر تبدیل کر دیتا مختلف بینکوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈز برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہریوں کو اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے بہانے لوٹنے والا جعلساز گرفتار - شاہ لطیف پولیس کی کارروائی شاہ لطیف پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ اور ٹیکنیکل کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو اے ٹی ایم کے ذریعے دھوکہ دینے میں ملوث ملزم زاہد علی کو گرفتار کرلیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم کے باہر شہریوں کی نگرانی کرتا تھا۔پیسے نکالنے میں مشکل پیش آنے پر ملزم خود کو مددگار ظاہر کر کے شہری کے ساتھ اندر جاتا، موقع ملتے ہی اے ٹی ایم کارڈ خفیہ طور پر تبدیل کر دیتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم شہری کا پاس ورڈ دیکھنے کے بعد مشین میں کارڈ پنچ کیے بغیر اسے رقم نہ نکلنے کا تاثر دیتا،ملزم شہری کے جانے کے بعد اصل کارڈ اور پاس ورڈ استعمال کر کے رقم نکال لیتا تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر متعدد شہریوں کو نشانہ بنا چکا ہے ،جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کے اے ٹی ایم کارڈز بھی تبدیل کر کے رقم نکالتا رہا۔ ملزم کے قبضے سے مختلف بینکوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔ملزم کے ساتھیوں کی تلاش میں مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والا گروہ گرفتارکرکے تین پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد کرلیے ، ملزمان وقاص، فاروق اور شیر عالم کا آسان ہدف راہگیر اور فیملیز ہوتی تھیں۔