انسداد بدعنوانی کے دن پر محکمہ اینٹی کرپشن کی آگاہی واک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر سندھ حکومت کے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے کراچی میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔واک میں چیئرمین اینٹی کرپشن سید ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری اوقاف مرید راہموں، ڈی جی اینٹی کرپشن امتیاز ابڑو سمیت بڑی تعداد میں افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔
یہ واک اینٹی کرپشن کورٹ سے شروع ہوکر پیپلز اسکوائر سندھ سیکریٹریٹ گیٹ تک نکالی گئی، جس میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بھرپور نعرے بھی لگائے گئے . چیئرمین اینٹی کرپشن سید ذوالفقار علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی سطح پر نئے ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جاسکے ، تمام سرکاری اداروں سے ہمارا مستقل رابطہ ہے اور بدعنوانی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری ہیں، نیب کی جانب سے بھیجے گئے 160 سے زائد کیسز پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ چیئرمین اینٹی کرپشن سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ مختلف ٹینڈرز کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جن کی مکمل چھان بین کی جارہی ہے جبکہ کئی معاملات پر ایف آئی آر بھی درج کی جاچکی ہے ۔