کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
شہر کی ترقی پر 30ارب خرچ کرینگے ،اضافی پانی لانے کے منصوبے پر کام جارینئے قبرستان بنانے جا رہے ،میئر،بلیم گیم چھوڑ کر شہر کی تعمیر کیلئے تعاون کی اپیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس سال 30 ارب روپے شہر کی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے ، صباح اور اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشنز کا ٹینڈرز مکمل ہوچکا، شہر میں 70 سے 80 لاکھ گیلن اضافی پانی لانے کے منصوبے پر کام جاری ہے ، گلشن اقبال میں کے ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشن فعال کیا جا رہا ہے ، خمیسو گوٹھ کی سڑک کا چند روز میں افتتاح کردیا جائے گا ، شہر میں نئے قبرستان بنانے جا رہے ہیں،اگر کوئی قبرستان انتظامیہ زائد فیس لے تو کے ایم سی ہیلپ لائن پر شکایت کریں، مین ہول کورز کی چوری کے مسئلے پر پولیس کی مدد لی جائے گی، روزانہ سٹی وارڈنز شہر میں ڈھکن لگا رہے ہیں، 208 نئے ڈھکن جماعت اسلامی کی یوسی والے علاقے میں لگائے گئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ضلع غربی سرجانی ٹاؤن میں کریمی چورنگی منگھو پیر کی یوسی 38 اور 39 میں سیوریج نظام کی بحالی اور پیور بلاکس سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ میئر نے کہا کہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا، میرا شہر ہے ، یہی رہوں گا، جو میئر نہیں بنا وہ لاہور چلا گیا، کام ان کی نیت میں ہے ہی نہیں،پریس کانفرنسیں کرنا آسان ہے ، کام کرکے دکھانا مشکل ہے ۔انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ بلیم گیم چھوڑیں، شہر کی تعمیر کے لیے سب مل کر کام کریں۔