بد عنوانی قومی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،گورنر
کرپشن سے پاک پاکستان ہماری نئی نسل کا حق ہے ،کامران ٹیسوری ایکسپورٹس کا فروغ معاشی استحکام کے لیے اہم ،ایس ٹی ٹی شرکا سے گفتگو
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انسدادِ بد عنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بد عنوانی قومی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، اسے جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ کرپشن سے پاک پاکستان ہماری نئی نسل کا حق ہے ۔شفافیت، ایمانداری اور قانون کی بالادستی سے ہی مضبوط معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔ اداروں کو کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا ہوں گی۔کرپشن کے خاتمہ کے لئے ٹیکنالوجی اور جدید نظام ناگزیر ہیں۔علاوہ ازیں 31ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی ٹی) کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ (سی ٹی جی) کے شرکاء سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی ایکسپورٹس کا فروغ ملکی معیشت کی بحالی اور معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے ۔ برآمدات میں اضافہ نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرتا ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ، صنعتوں کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقت بڑھانے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایکسپورٹرز کے لیے آسان پالیسیاں، کاروبار دوست ماحول اور عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر طریقے سے متعارف کرانے کے لیے مارکیٹنگ، تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید بڑھایا جائے ۔ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا اہم ضرورت ہے ۔