پولیو وائر س کی شرح میں اضافہ تشویشناک قرار
سال 2023ء کے وسط سے اب تک 75 فیصد سے زائد نمونے مثبت آئے ،وائرس کی یہ وسیع موجودگی ناقابلِ قبول ہے ،وزیراعلیٰ مراد علی شاہپولیو مہم کے دوران انتظامی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انکار کرنے والے بچوں کو مہم کے دوران لازمی ویکسینیٹ کیا جائے ،اجلاس میں ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسدادِ پولیو کے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر وقار میمن، یونیسف، ڈبلیو ایچ او اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندے ، ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار گل اور کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے ۔ دیگر ڈویژنوں کے کمشنرز، ڈی سیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے ۔ماحولیاتی نگرانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ای او سی کے مطابق نومبر میں کراچی کے 12 میں سے 10 اور دیگر ڈویژنوں کے 17 میں سے 11 مقامات سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل اور ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو قومی و صوبائی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں وبائی صورتحال، ماحولیاتی نگرانی، اضلاع کی کارکردگی، فرنٹ لائن کارکنوں کی تیاری اور 15 تا 21 دسمبر 2025 کے دوران قومی انسدادِ پولیو مہم کی عملی منصوبے پر گفتگو ہوئی۔وزیرِ اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سال 2023ء کے وسط سے اب تک 75 فیصد سے زائد نمونے مثبت آئے ہیں، جو گزشتہ دہائی میں سب سے زیادہ اور تشویشناک شرح ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی یہ وسیع موجودگی ناقابلِ قبول ہے ۔ صرف ایک اعلیٰ معیار کی، منظم مہم ہی اس کے پھیلاؤ کو روک سکتی ہے ۔ اضلاع کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اکتوبر کی قومی حفاظتی ٹیکوں کی مہم میں 87 فیصد لاٹس پاس ہوئیں، جبکہ 206 میں سے 27 لاٹس (13 فیصد) معیار پر پورا نہ اتریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ ڈپٹی کمشنرز فیلڈ سرگرمیوں پر مکمل توجہ دیں۔ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی انتظامی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام انکار کرنے والے بچوں کو مہم کے دوران لازمی ویکسینیٹ کیا جائے ۔ بلدیاتی حکومت اور انتظامیہ براہِ راست فالو اپ کرے ۔سندھ کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔ انہوں نے ڈیٹا کلیکشن آسان بنانے ، معاون نگرانی اور فرنٹ لائن ورکرز کی حوصلہ افزائی کی بھی ہدایت کی۔