تمام یونین کمیٹیوں کو ایک لاکھ روپے کی گرانٹ

تمام یونین کمیٹیوں کو ایک  لاکھ  روپے  کی گرانٹ

میئر کی ہدایت پرگرانٹ کا استعمال صرف مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت کے لیے ہوگا گرانٹ سے روشنی میں بہتری، حادثات میں کمی اور محلّوں میں مجموعی عوامی تحفظ میں اضافہ متوقع ہے ،ترجمان کے ایم سی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) شہری سلامتی میں بہتری اور بنیادی بلدیاتی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر کی تمام یونین کمیٹیوں کو ایک لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ہے ۔ یہ رقوم میئر کراچی، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی باقاعدہ منظوری کے بعد جاری کی گئیں، جنہوں نے سخت ہدایات جاری کیں کہ گرانٹ کا استعمال صرف مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت کے لیے کیا جائے ، میئر کراچی کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کے ایم سی حکام نے 24 گھنٹوں کے اندر رقوم کی پراسیسنگ اور اجرا مکمل کیا، جو عوامی فلاح کے لیے ان کے عزم کا واضح ثبوت ہے ۔ تمام یونین کمیٹیوں کو یہ گرانٹ چیکس کی صورت میں فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ فوری طور پر حفاظتی اور احتیاطی اقدامات شروع کر سکیں, میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے شہریوں کی حفاظت شہر کی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ کھلے مین ہولز، خراب اسٹریٹ لائٹس اور مرمت میں تاخیر جیسے مسائل ملک کے سب سے بڑے شہر میں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ فنڈز کا فوری اجرا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ مقامی کمیٹیاں بروقت مسائل حل کر سکیں اور کسی بھی ممکنہ حادثے کا راستہ روکا جا سکے ۔ کے ایم سی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدام نچلی سطح پر حکمرانی کو مؤثر بنانے اور یونین کمیٹیوں کو اپنے اپنے علاقوں کے بنیادی انفراسٹرکچر کے مسائل براہِ راست حل کرنے کے قابل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس گرانٹ سے رات کے وقت روشنی میں بہتری، حادثات میں کمی اور مختلف محلّوں میں مجموعی عوامی تحفظ میں اضافہ متوقع ہے ۔ کے ایم سی نے تمام یونین کمیٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر کام کا آغاز کریں اور تکمیل کے فوراً بعد اپنی کمپلائنس رپورٹس جمع کرائیں۔ شہر کی انتظامیہ نے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور شہریوں کو زیادہ محفوظ اور فعال شہری سہولیات فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں